القادر ٹرسٹ کیس؛ بشریٰ بی بی نے نیب میں پیشی سے معذرت کرلی

سابقہ خاتون اول نے اپنے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے توسط سے تحریری جواب جمع کروا دیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کیس میں نیب میں پیشی سے معذرت کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس (القادر ٹرسٹ کیس) میں نیب کی جانب سے بشری بی بی کو آج دوبارہ طلب کیا گیا تاہم سابقہ خاتون اول نے نیب میں پیشی سے معذرت کر لی اور اپنے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے توسط سے تحریری جواب جمع کروا دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ نے جواب میں کہا ہے کہ ذاتی مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکتی، آئندہ ہفتے پیش ہونے کےلیے تاریخ دے دی جائے لازمی پیش ہوں گی۔ بتایا جارہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے 11 سوالات کے جواب مانگے ہیں، القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) کیس میں بشریٰ بی بی سے نیب راولپنڈی آفس میں تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش کی، جہاں نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کو 11 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ فراہم کیا گیا، نیب نے بشری بی بی کواس کیس میں ان 11 سوالات کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل نعیم حیدر پنجھوتا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی گھر پہنچتی ہیں اور ساتھ ہی دوبارہ طلب کر لیا جاتا ہے، آج بشریٰ بی بی کو بنیادی طور پر القادر ٹرسٹ کیس کی وجہ سے بلایا گیا، تمام سوالات کے جواب دے دیئے ہیں، مزید دستاویزات بھی فراہم کریں گے، کبھی وکیل کا قتل اور کبھی گھڑی کا الزام لگایا جاتا ہے درحقیقت یہ بس تہمتیں ہیں اور ان کا قصور یہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایبسلیوٹلی ناٹ کہا۔
انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی اور ان کی فیملی نے ہمیشہ خود کو قانون کے سامنے پیش کیا، ہم نے استدعا کی کہ ہمیں اطلاع دی جائے، سپریم کورٹ کی روشنی میں استدعا کی کہ اس طرح کی پروٹیکشن مریم نواز کو بھی ملی، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ہم گرفتاری سے نہیں روک سکتے، ہمیں آج بھی گرفتاری کا خدشہ تھا، القادر ٹرسٹ یونیورسٹی میں بشریٰ بی بی بطور ٹرسٹی تھیں، وہ پراپرٹی ٹرسٹ کے نام کی گئی جس کا عمران خان کوئی فائدہ نہ ہوا، بشریٰ بی بی نے عمران خان کے دور میں کوئی آفس ہولڈ نہیں کیا، اس کے باوجود نیب کی جانب سے جو بھی ریکارڈ مانگا گیا وہ ہم نے مہیا کیا۔