مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی گرفتاری روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی گرفتاری روکنے کے حکم میں توسیع کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سابق وزیر مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف مختلف شہروں میں درج مقدمات کی درخواستوں پر سماعت کی۔

پشاور میں مریم اورنگزیب اور پی ٹی وی ملازمین کے خلاف درج مقدمے کے مدعی نے عدالت میں پیش ہو کر مزید کوئی کارروائی نہ کرنے کا بیان دے دیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ جاوید لطیف کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن لاہور کے مقدمے میں چالان جمع کرایا جا چکا ہے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پشاور میں مریم اورنگزیب کے خلاف درج مقدمہ ایف آئی اے کو منتقل ہو چکا ہے جس پر ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے متعلقہ مقدمے کی انکوائری کو بند کر دیا گیا ہے۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواستوں پر سماعت جنوری 2024ء تک ملتوی کر دی۔