پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 9 روپے تک کمی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے ہوا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 9 روپے تک کمی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 4 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے کمی کر دی گئی۔
مٹی کا تیل بھی 6 روپے 5 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے سستا کر دیے گئے۔ یوں 16 نومبر سے پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 281 روپے 34 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 296 روپے 71 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 204 روپے 98 پیسے مقرر کر دی گئی۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق سمری بدھ کو نگران وزیر اعظم کو بھجوائی گئی تھی۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 15 سے 30 نومبر کے عرصے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے۔ گزشتہ2 ہفتوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت3 فیصد کم ہوئی، اسی دوران خام تیل کی قیمت 85.19 ڈالر سےکم ہوکر82.63 ڈالر ہوگئی۔ اسی باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تاہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں دوبارہ سے اضافہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل ریلیف منتقل نہیں کیا جا سکا۔