کمشنر راولپنڈی کا علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے محمدی چوک،خیابان سرسید، پھگواڑی اور ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا۔انہوں نے ان علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق،سی ای او رانا ساجد صفدر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاف ماحول ہم سب کی ضرورت اور صفائی کو یقینی بنانا ہم سب کا فرض ہے۔صفائی کے حوالے سے کوئی بھی غفلت ناقابل برداشت ہے۔بہترین صفائی کے انتظامات سے سموگ سے بچا جاسکتا ہے۔کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ آر ڈبلیو ایم سی کے حکام ورکرز کی حاضری پر کڑی نظر رکھیں۔
کمشنر راولپنڈی سے یوسیز ویسٹ مینجمنٹ کمیٹیوں کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔

کمشنر راولپنڈی نے ان سے صفائی کے حوالے سے آر ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی سے متعلق دریافت کیا۔یوسی کمیٹی نمائندگان نے صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئیمزید بہتری کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر صفائی کی مانیٹرنگ کے لیے بنائی جانے والی کمیٹیاں شہر کی صفائی میں مددگار ثابت ہورہی ہیں۔مانیٹرنگ کمیٹیاں شہریوں کے ساتھ مل کر شہر کی صفائی کو مزید بہتر کریں۔ہم سب مل کر راولپنڈی کو زیرو ویسٹ شہر بنائیں گے۔کمشنر راولپنڈی نے صفائی مہم کامیابی سے جاری رکھنے پر آر ڈبلیو ایم سی کے حکام اور ورکرز کی کارکردگی کو سراہا۔