پی ٹی آئی چیئرمین، شاہ محمود کیخلاف سائفر کیس میں اہم پیشرفت

فوٹو فائل
فوٹو فائل

سائفر کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نگراں وفاقی کابینہ نے جیل ٹرائل کےلیے وزارت قانون کی سمری منظور کرلی۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث سائفر کیس کے جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا۔

29 اگست کو وزارت قانون نے جیل ٹرائل کےلیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا تھا۔

سمری کے مطابق وزارت داخلہ اور جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے جیل ٹرائل کی سفارش کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو درپیش سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے جیل ٹرائل کی سفارش کی گئی، سمری کے ساتھ اسپیشل برانچ کی تھریٹ رپورٹ اور جج کی سفارش کی کاپی بھی منسلک کی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے خلاف 14 نومبر کو سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اوپن کورٹ سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیر التوا ہے۔