غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے، انوارالحق کاکڑ

غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے، انوارالحق کاکڑ

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے، غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کے مشترکہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم انوارالحق نے کہا کہ 70 سال پہلے اقوام متحدہ نے قرار داد کے ذریعے مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے اسپتال، اسکول اور اقوام متحدہ کے دفاتر بھی محفوظ نہیں رہے، سلامتی کونسل پر غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ناانصافی اور فلسطینی شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا، پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے، ایسی ریاست فلسطین جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

وزیراعظم  نے کہا کہ اسرائیل ایک جارح اور قابض ملک ہے، اسرائیل کے جنگی جرائم کو عالمی عدالت انصاف لے جانا چاہیے۔ غزہ کو امداد فراہم کرنے سے متعلق مصر کی کوشش کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورت حال سے متعلق فوری مذاکرات شروع کرنے چاہئیں، مسئلے کے سیاسی حل کیلئے لازم ہے فلسطین، اسرائیل ڈائیلاگ کیلئے ماحول بنایا جائے۔