اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگران وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کے زیرصدارت صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں غیرقانونی تارکین وطن، غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق مختلف امور کے حوالے سے خصوصی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ محمد اقبال میمن، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز نے شرکت کی، اجلاس میں ڈی آئی جی ایس پی یو، ڈی آئی جی پی، سی ٹی، سپیشل برانچ، مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر نمائندوں اور نادرا کے نمائندے شریک ہوئے۔
نگران وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے ہدایت کی کہ غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہر منگل کو فالواَپ میٹنگ منعقد کی جائے، اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ محکمہ خزانہ سندھ نے غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کے عمل کوآسان بنانے کیلئے مطلوبہ فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔
بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کی جائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، پولیس اور رینجرز سے مل کر ہم آہنگی کے ساتھ ہر سطح پرحفاظتی اقدامات میں اضافہ کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔
اجلاس میں شہر میں خصوصاً تعلیمی اداروں میں منشیات کی لعنت کے خاتمے پر بھی غور کیا گیا، نگران وزیر داخلہ سندھ نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر، ان کے کارندوں اور سرپرستوں کیخلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ سی پیک اور نان سی پیک سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے، چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ٹھوس حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔