کمشنر راولپنڈی ڈویڑن لیاقت علی چٹھہ کا دودوچھہ ڈیم سائٹ کا دورہ

اسٹیشن کمانڈر احمد نواز، برگیڈئر (ر) اعجاز قمر کیانی اے جی آفس، ایکسئین سمال ڈیم حمزہ بھی موقع پر موجود تھے

ڈیم پر کام شروع کرنے کے لئے ایف ڈبلیو او کی مشینری اور دیگر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا،اسسٹنٹ کمشنر صدر الماس صبیح، اے سی ریونیو شمس الرحمان و ایف ڈبلیو او حکام بھی وہاں موجود

راولپنڈی (نمائندہ حالات) کمشنر راولپنڈی ڈویڑن لیاقت علی چٹھہ کا دودوچھہ ڈیم سائٹ کا دورہ اورڈیم پر کام شروع کرنے کے لئے ایف ڈبلیو او کی مشینری اور دیگر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ سٹیشن کمانڈر احمد نواز، برگیڈئر (ر) اعجاز قمر کیانی اے جی آفس، ایکسئین سمال ڈیم حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر الماس صبیح، اے سی ریونیو شمس الرحمان و ایف ڈبلیو او حکام بھی وہاں موجود تھے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے کہ کل سے دودوچھہ ڈیم پر کام شروع ہو رہا ہے۔ متعلقہ ریونیو سٹاف کو سائٹ پر ہی سٹیشن رکھا جائے تاکہ لینڈ مارکنگ یا سروے میں درپیش کسی بھی ابہام کو فوری حل کیا جا سکے۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے لئے دو سال کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ اس سے قبل ہی مفاد عامہ کا یہ منصوبہ مکمل ہوجائے۔ڈیم بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ ہمیں اپنے کل کے لیے بھی سوچنا چاہیے جس کی بقا پانی کی مطلوبہ مقدار میں فراہمی ہے۔دودوچھہ ڈیم راولپنڈی سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔اس ڈیم کی تعمیر کے لئے راولپنڈی و کلرسیداں کی کل 16194 کنال 14 مرلہ زمین حاصل کی گئی ڈیم کی اونچائی 123 فٹ اور لمبائی 737 فٹ ہے اور اس کیچمنٹ ایریا 129 مربع میل ہے۔ اپنی تعمیر کے بعد یہ ڈیم راولپنڈی شہر کے لئے 35 ملین گیلن پر ڈے کے حساب سے پانی فراہم کرے گا۔لیاقت علی چٹھہ نے مذید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مقامی آبادی کو انکی زمین کی قیمت موجودہ ریٹ کے مطابق دی جا رہی ہے۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے راولپنڈی اور مضافات کو صاف پانی کی سہولت میسر ہو گی۔