زمرد خان کی جانب سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان کی جانب سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں معصوم زندگیاں بچانے کے مشن میں عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ جس میں 100 سے زائد نوجوان طالبات نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دئیے۔ اس موقع پر انوائرمنٹل سائنس، پبلک ہیلتھ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، سائیکالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، ایجوکیشن، فائن آرٹس، قانون، کامرس، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سمیت دیگر ڈیپارٹمنس سے طالبات سمیت فیکلٹی ممبران اور پروفیسرز نے بھی اپنے خون کے عطیات دئیے۔
پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا خصوصی دورہ کیا جبکہ ان کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق بھی ہمراہ تھیں، زمرد خان نے خون کے عطیات دینے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور ان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں زیر تعلیم میری 100 سے زائد بیٹیوں نے اتنی بڑی تعداد میں خون کے عطیات دے کر معصوم زندگیاں بچانے کے عظیم مشن میں بھرپور حصہ لیا۔

زمرد خان نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق کا شکریہ ادا کیا اور کہا طالبات کے ساتھ ساتھ پروفیسرز اور اساتذہ نے بھی اپنے خون کا عطیہ دیا جو یقیناً ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز اور وکلا سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق افراد اور دیگر حلقوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ انسانیت کی خدمت کے اس عظیم سفر میں ہمارا ساتھ دیں اور اس نیک کام میں ہمارے ہمسفر بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم نہ صرف ہزاروں یتیم بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے بلکہ لاکھوں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مرض سے جنگ لڑتے بچوں کے لیے جینے کی امید بھی ہے ، جنہیں اپنی زندگی جینے کے لیے مسلسل خون کے عطیات کی اشد ضرورت کا سامنا ہے۔