ملک میں عام انتخابات کی تیاریوں میں تیزی

الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست مرتب کرلی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست مرتب کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطباق ملک بھر میں کل 10 لاکھ 73 ہزار 361 افسران کو تعینات کیا جائے گا، پنجاب میں 54 ہزار 706 پریذائیڈنگ افسران، 3 لاکھ 10 ہزار 968 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 1 لاکھ 60 ہزار 445 پولنگ سٹاف کو الیکشن ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی یوں صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 26 ہزار 123 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ صوبہ سندھ میں 20 ہزار 315 پریذائیڈنگ افسران، 1 لاکھ 62 ہزار 523 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 81 ہزار 262 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا، جس سے صوبے میں افسران کی کل تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 100 ہو جائے گی، اسی طرح صوبہ خیبرپختونخوا میں 16ہزار 525 پریذائیڈنگ افسران، 1 لاکھ 085 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 50ہزار 045 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا، جس سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 66 ہزار 655 افسران ہوں گے جب کہ صوبہ بلوچستان میں مجموعی طور پر 50 ہزار 491 افسران کو تعینات کیا جائے گا، جن میں 5 ہزار 266 پریذائیڈنگ افسران، 30ہزار 150 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 15 ہزار 075 پولنگ عملہ شامل ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام اضلاع سے نجی تعلیمی اداروں اور ان کے اساتذہ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز بنانے کے لئے تمام اضلاع کے نجی سکولوں کی تفصیلات طلب کی ہیں، جن اضلاع میں سرکاری عمارتیں اور ملازمین کم ہوں گے وہاں ان نجی سکولوں اور اساتذہ کی مدد لی جائے گی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے محکمہ تعلیم کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ سرکاری عمارتیں کم ہوئیں تو پولنگ اسٹیشن نجی سکولوں میں بنیں گے اور سرکاری ملازمین کم پڑے تو پولنگ عملے کیلئے نجی اساتذہ لیے جائیں گے، نجی سکولوں اور اساتذہ کو متبادل کے طور پر رکھا جائے گا۔