9 مئی واقعات میں شیخ رشید اور بھتیجے کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

شیخ صاحب آپ کی صحت ٹھیک ہے کمزور لگ رہے ہیں، شیخ رشید کی عمر کا لحاظ رکھنا چاہئے۔ اسپیشل جج اعجاز آصف کے ریمارکس

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات میں شیخ رشید اور بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔شیخ رشید احمد کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔راشد شفیق کی طرف سے بھی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔ رشید احمد کی تھانہ وارث کے 9 مئی مقدمہ میں 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی ۔
سردار عبدالرازق نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج مقدمہ میں 5 اکتوبر کو تتمہ بیان کے ذریعے شیخ رشید کا نام شامل کیا گیا ۔ شیخ رشید کا نو مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں، شیخ رشید کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں۔محض سیاسی انتقام اور بد نیتی سے نام شامل کیا گیا، اسپیشل جج اعجاز آصف نے استفسار کیا شیخ صاحب آپ کی صحت ٹھیک ہے کمزور لگ رہے ہیں، شیخ رشید نے کہا کہ چلے کے دوران 31 کلو وزم کم ہوا، جج نے ریمارکس دئیے کہ شیخ رشید کی عمر کا لحاظ رکھنا چاہئے، سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کی 8 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الحمد لِلہ میرے دل کے ٹیسٹ کی رپورٹ کافی حد تک تسلی بخش ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لال حویلی کھول دی گئی ہے، اس کی تزئین و آرائش کے بعد 6 نومبر کو اس میں دوبارہ شفٹ ہو جائوں گا۔ شیخ رشید نے بتایا کہ میں آج رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جا رہا ہوں۔
انہوںنے کہاکہ میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دیے گئے ہیں اور امید ہے کہ باقی 20 فیصد اشیا بھی واپس کر دی جائیں گی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میری تمام کیسز میں ضمانت ہے، چلے کے دوران کوئی کیس بنا تو معلوم نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کا فیصلہ معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔