راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح میانوالی ایئربیس پر حملے کی کوشش کی ، ایئربیس پر متعین دستوں نے فوری اور موثر کارروائی کر کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ ایئر بیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، صرف 3 غیرآپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔
اس کے علاوہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں قوم کی نجات ہے۔
آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے میانوالی میں پاکستان ایئرفورس کے ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا، پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک نفرت کی دیواریں کھڑی کرنے والوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، پیپلزپارٹی کی وفاق کو جوڑنے اور انتہاپسندی کے خاتمے کی سوچ دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر بیانیہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے میانوالی میں پاکستان ایئرفورس کے ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگرد حملے کی مذمت اور حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بچے کھچے دہشتگرد اپنے مذموم عزائم سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پیپلزپارٹی نے ہر دور میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کیا ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ملک میں انتہاپسندی، نفرت اور تقسیم کی آئیڈیالوجی کو ختم کرنا ہوگا۔