پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسد قیصر کے بھائی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کے بھائی نے کہا کہ اسد قیصر گھر پر تھے جب پولیس اور سادہ لباس اہلکار گھر آئے، سادہ لباس اہلکار اسد قیصر کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو پولیس اور اینٹی کرپشن حکام نے گرفتار کیا، اسد قیصر پر گجو خاں میڈیکل کالج صوابی کے لیے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اسد قیصر اور محکمہ صحت کے 4 افسران پر گجو خان میڈیکل کالج میں خرد برد کا الزام ہے۔
تحقیقات میں اسد قیصر سمیت 5 ملزمان قصور وار پائے گئے، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 1 کروڑ 64 لاکھ 56 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا۔
اسد قیصر کی گرفتاری پر ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اسد قیصر کی گرفتاری منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کےکردار پر سوالیہ نشان ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ پی ٹی آئی کو انتخابی دوڑ سے باہر رکھنے کا منصوبہ ہے، الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو یکساں ماحول کی فراہمی یقینی بنائے۔