سموگ کی صورتحال کے تناظر میں بدھ کی تعطیل سے متعلق حتمی اعلان کر دیا گیا

نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں رواں ہفتے بدھ کے روز تعطیل دینے کا معاملہ زیر غور آیا

لاہور (نیوز ڈیسک) سموگ کی صورتحال کے تناظر میں بدھ کی تعطیل سے متعلق حتمی اعلان کر دیا گیا، نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں رواں ہفتے بدھ کے روز تعطیل دینے کا معاملہ زیر غور آیا۔ تفصیلات کے مطابق سموگ کی صورتحال کے تناظر میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں اس ہفتے بدھ کو چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر ، منصور قادر،ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل، ابراہیم حسن مراد، مشیر کنور دلشاد ،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹریززراعت، صحت، خزانہ، ماحوالیات ، تعمیرات و مواصلات، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، صنعت،کمشنر لاہو رڈویژن اور ماحولیاتی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلٰی محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کودھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سموگ کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔
مقررکردہ مقدار سے زیادہ دھواں چھوڑنے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کاحکم دیا۔ غیر معیاری فیول فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر گرد بٹھانے کے لئے تسلسل کے ساتھ پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے ریت اوربجری کو ڈھانپنا اور پانی کا چھڑکاؤ کرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سموگ کا سبب بننے والے اقدامات پر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام متعلقہ محکموں کو اے کیو آئی کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کاحکم دیا۔