اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بری

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس میں بری کردیا۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس پر جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ احتساب عدالت کاکہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کو شواہد نہیں ملے۔

اس سے قبل نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کا ثبوت نہیں، کیس مزید نہیں چلایا جاسکتا ۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر جنرل اس نکتے پر تحریری طور پر لکھ کر دیں، اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزمان کی بریت پر اعتراض نہیں تو لکھ کردے دیں، کل کو نیب کہے کہ ہم نے تو ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔

اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس 2017 میں بنا تھا، عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 3 شریک ملزمان کو بھی بری کردیا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے اس سے قبل اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس داخل دفتر کر دیا تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس پر دوبارہ سماعت کی گئی۔