سابق وزیراعظم نوازشریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے، قانونی دستاویزات پر دستخط

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جس کے بعد وہ طیارے سے باہر آئے۔ سینئر لیگی رہنما اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جبکہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔ اسلام آباد کے ایئر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا اور طیارے کو وفاقی دارالحکومت میں لینڈنگ کیلئے گرین سگنل دیا۔

سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 34 منٹ تاخیر سے 11 بجکر 4 منٹ پر دبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔

امیگریشن عمل مکمل ،قانونی دستاویزات پردستخط

نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا اور ان کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی ہے ۔

ایئرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کر دیئے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔

نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔

نواز شریف کیلئے شاہی قلعہ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ تیار

قائد ن لیگ نواز شریف کیلئے لاہور کے شاہی قلعہ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا۔

سابق وزیراعظم لاہور کے مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچیں گے اور ہیلی کاپٹر شاہی قلعہ دیوان عام کے سامنے گراؤنڈ میں لینڈ کرے گا جس کے لئے گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا ہے۔

نواز شریف کے ہیلی کاپٹر کے لئے ہیلی پیڈ سول ڈیفنس نے تیار کیا ہے اور شاہی قلعہ میں روشنی کیلئے لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔

قائد ن لیگ کو شاہی قلعہ سے مینار پاکستان تک گاڑی میں بٹھا کر لے جایا جائے گا، سابق وزیراعظم شاہی قلعہ اور گردوارہ کے درمیان سڑک کے راستے جلسہ گاہ پہنچیں گے اور گریٹر اقبال پارک میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

نواز شریف کے استقبال کیلئے قافلے لاہور پہنچنے لگے
دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنے لگے۔

سکھر والوں نے جلسے کیلئے سپیشل ٹرین چلائی، خیبرپختونخوا سے ’’ امید پاکستان ‘‘ ٹرین کی روانگی ہوئی ہے جبکہ کلر کہار سے گاڑیوں کا قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، جہلم ، صادق آباد، پشاور، جہانیاں، کوئٹہ، حیدر آباد، دادو، ڈی آئی خان، میرپور خاص، مظفر آباد، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قافلے قائد کے استقبال کیلئے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔

لیگی کارکنوں کی جانب سے قائد کی آمد کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

لاہور میں جلسے کے انتظامات مکمل

لاہور پہنچنے پر پارٹی کی جانب سے نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا، سابق وزیر اعظم کی آمد پر لاہور شہر پر پھول نچھاور کئے جائیں گے، سیسنا طیارے لاہور پر پھول گرائیں گے، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کیا جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت بھی دے دی ہے، نواز شریف کی آمد پر ڈیڑھ گھنٹے تک دو طیارے شہر پر پھول برسائیں گے۔

دوسری جانب نواز شریف کے استقبال کیلئے مختلف علاقوں سے آئے لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے، پنڈال میں پارٹی پرچموں کی بہار، سٹیج پر بڑی سکرین لگا دی گئی، جلسہ گاہ اور اس کے اطراف قائد (ن) لیگ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانے بجائے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کے موقع پر لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں ایک لاکھ 30 ہزار 686 اسکوائر فٹ جگہ پر جلسے کے انتظامات کئے گئے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گراؤنڈ میں لائٹس اور میوزک کے ساتھ ساتھ بڑی بڑی سکرینیں لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔