پاکستان کی جانب سے ہارون حامد نے کمبوڈیا کے خلاف میچ کا واحد گول دوسرے ہاف میں 69 ویں منٹ میں کیا
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے ہارون حامد نے کمبوڈیا کے خلاف میچ کا واحد گول دوسرے ہاف میں 69 ویں منٹ میں کیا۔
دونوں ٹیمیں پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں کر سکی تھیں۔
اس سے قبل کمبوڈیا میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹائی کا پہلا مرحلہ گول کے بغیر ختم ہوا۔
سٹار فارورڈ اوٹس خان دوسرے مرحلے میں بھی شامل نہیں ہوئے کیونکہ انہیں فیفا سے کلیئرنس نہیں ملی تھی۔ واضح رہے کہ اوٹس خان کو کھیل کی گورننگ باڈی فیفا نے پہلے مرحلے میں شرکت سے روک دیا تھا، جس نے انہیں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود نااہل قرار دیا تھا۔
اوٹس خان نے گزشتہ جون میں ایک دوستانہ میچ میں ماریشس کے خلاف پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا۔
ان کی اہلیت ان کے دادا کنور جمیل محمد خان پر مبنی تھی جو دہلی میں پیدا ہوئے تھے لیکن بعد میں 1947 میں تقسیم کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے اور بعد میں مانچسٹر میں آباد ہو گئے۔ آج سے پہلے پاکستان نے آخری بار 2011ء میں فیفا/اے ایف سی ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی کی تھی جب بنگلہ دیش نے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلا تھا۔ پاکستان اب کوالیفائر کے دوسرے راؤنڈ میں گروپ جی میں سعودی عرب، اردن اور تاجکستان سے ٹکرائے گا۔