عابد باکسر کو پولیس کی بھاری نفری نے گھر سے گرفتار کیا،فرار کیسے ہوسکتے ہیں؟ اعلی حکام نوٹس لے کر عابد باکسر کی بازیابی کو ممکن بنائیں، اہلیہ کا مطالبہ
لاہور: (نیوز ڈیسک) سابق انسپکٹر عابد باکسر کے پولیس حراست سے فرار ہونے کے معاملے پر دہشت گردی سمیت 11 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، عابد باکسر اور اس کے مسلح گن مین مزاحمت کرتے رہے، عابد باکسر کو گرفتار کیا گیا تو ملزم نے کانسٹیبل سے سرکاری رائفل چھین لی اور ساتھیوں سے مل کر فائرنگ کر دی۔
عابد باکسر اس دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے عابد باکسر کے ساتھیوں حمید اللہ اور اسماعیل کو حراست میں لے لیا، عابد باکسر پر الزام ہے کہ وہ اشتہاریوں اور بھتہ خوروں کو پناہ دیتا ہے۔
دوسری جانب سابق انسپکٹر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ عابد باکسر کو پولیس کی بھاری نفری نے گھر سے گرفتار کیا،فرار کیسے ہوسکتے ہیں؟ پولیس عابد باکسر کے فرار ہونے سے متعلق غلط بیانی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے گرفتاری کے بعد کیمرے بھی توڑ ڈالے،ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے ۔ اعلی حکام نوٹس لے کر عابد باکسر کی بازیابی کو ممکن بنائے ۔
جب کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد باکسر کی اہلیہ نے تصدیق کی کہ پنجاب پولیس گھر کے دروازے اور گیٹ زبردستی توڑ کر گھر میں داخل ہوئی اور ان کے شوہر کو گرفتار کر کے لے گئی۔ 60 سے 70 لوگ آئے گھر میں آئے اور سی سی ٹی کیمرے، ڈی وی آر، لیپ ٹاپ، موبائل فونز سب لے گئے۔ پولیس والوں نے عابد کو تشدد کا نشانہ بنایا، ہمیں بھی تھپڑ مارے گئے۔
عابد باکسر کی اہلیہ نے مزید کہا کہ خبریں چلائی جا رہی ہیں کہ ان کے شوہر فرار ہو گئے، عابد کو جتنا تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کے بعد ان کی حالت ہی نہیں تھی کہ وہ مزاحمت کر سکیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ عابد کو رہا کیا جائے ان کیخلاف کوئی کیس نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ جمعہ کی شام کو گرفتار کیے گئے عابد باکسر پولیس حراست سے فرار ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعہ کی شام کو پنجاب پولیس کے سابق ہائی پروفائل افسر کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق عابد باکسر کو دھمکیاں دینے کے الزام میں سی آئی اے نے گرفتار کیا گیا تھا۔ سابق انسپکڑ کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا، جس کے بعد انہیں سی ٹی اے ماڈل ٹاؤن تھانے منتقل کردیا گیا تھا۔