بجلی چوروں کو پکڑنے کی نئی حکمت عملی

عملے اور بجلی چور شہریوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے تقسیم کار کمپنیوں میں ایف آئی اے افسران کو تعینات کردیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک بھر میں جاری آپریشن کے دوران بجلی چوروں کو پکڑنے کی نئی حکمت عملی کے طور پر تقسیم کار کمپنیوں میں ایف آئی اے افسران کو تعینات کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی چوری میں تقسیم کار کمپنیوں کے افسران، ملازمین اور بجلی چوروں کی ملی بھگت ختم کرنے کے لیے بجلی کمپنیوں میں ایف آئی اے افسران تعینات کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے 3 افسران کی تعیناتیوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مئی حکمت کے تحت تعینات کیے گئے ایف آئی اے کے افسران ناصرف بجلی چوری روکنے اور ریکوری بڑھانے میں مدد کریں گے، اس کے ساتھ ان افسران کو بجلی کمپنیوں میں ملازمین اور بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ںوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ پیسکو، سیپکو اور حیسکو میں ان افسران کو تعینات کیا گیا ہے، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سعد اللہ خان کو پیسکو، ڈپٹی ڈائریکٹر صوفی عبد الحفیظ چاچڑ کو سیپکو اور ایکٹنگ ڈائریکٹر مزمل احمد جتوئی کو حیسکو میں تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے، پاور ڈویژن نے بجلی چوروں سے 20 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کا دعویٰ کردیا، لیسکو میں سب سے زیادہ ریکوری کی گئی، لیسکو میں سب سے زیادہ 5 ارب 34 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی اور 5 ہزار 58 بجلی چور گرفتار کیے گئے جب کہ ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 15 ہزار 165 بجلی چور پکڑے گئے۔
پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ حیسکو نے اب تک سے 3 ارب 98 کروڑ 80 لاکھ روپے، پیسکو ریجن نے 3 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد اور میپکو نے 2 ارب 5 کروڑ سے زائد کی ریکوری کی ہے، ان کارروائیوں میں اب تک 4 ہزار 944 بجلی چوروں کو پکڑا گیا، سیپکو نے اب تک 2 ارب 43 کروڑ 10 لاکھ روپے، کیسکو نے 90 کروڑ 20 لاکھ، فیسکو نے 77 کروڑ 10 لاکھ روپے، گیپکو نے 54 کروڑ 30 لاکھ اور آئیسکو نے 42 کروڑ40 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے۔