ہمت نہ ہاریں، آزمائش کا یہ وقت ختم ہو جائے گا

میں پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جس دن بھی الیکشن ہوں گے، پاکستان کے عوام بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے نکلیں گے اور ان تمام جماعتوں کو مل کر شکست دیں گے۔جیل سے عمران خان کا اپنے خاندانی ذرائع سے عوام کیلئے پیغام

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جس دن بھی الیکشن ہوں گے، پاکستان کے عوام بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے نکلیں گے اور ان تمام جماعتوں کو مل کر شکست دیں گے۔عمران خان نے پاکستانی عوام کے نام پیغام اپنے خاندان کے ذریعے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں انہوں نے جیل کے حالات، عام انتخابات، سائفر کیس اور جیل میں قید کارکنوں کے حوالے سے جذبات کا اظہار کیا۔
عمران خان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ جب میں اٹک جیل میں غیر قانونی طور پر قید تھا تو شروع کے دن بہت مشکل تھے کیونکہ مجھے بستر فراہم نہیں کیا گیا تھا اور مجھے فرش پر سونا پڑا تھا،کیڑے مکوڑے اور مچھر بھی تھے۔
لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں نے خود کو جیل کے حالات کے ساتھ اچھی طرح ایڈجسٹ کر لیا۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ 5 اگست کو گرفتار کیے گئے عمران خان اور آج کے عمران خان میں بہت فرق ہے، آج کا عمران خان ذہنی اور روحانی طور پر پہلے سے کئی زیادہ مضبوط ہے۔
https://x.com/ImranKhanPTI/status/1712406337835938085?s=20
جیل میں رہنے کے دوران مجھے دوسری کتابوں کے ساتھ قرآن پاک کا گہرائی سے مطالعہ اور تحقیق کرنے کا موقع ملا ہے جس سے میرا ایمان مضبوط ہوا ہے۔مجھے اپنی سیاسی زندگی کے آخری چند سالوں کا خود بھی جائزہ لینے کے موقع ملا۔عمران خان نے مزید کہا کہ چاہے وہ مجھے کیسی بھی قید میں رکھیں، مجھ پر جو مرضی شرائط عائد کریں۔میں حقیقی آزادی، قانون کی حکمرانی، پاکستان کے آئین کی بالادستی کی جدوجہد اور آزاد اور منصفانہ انتخابات کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک چھوڑنے کا مشورہ دینے والوں کو جان لو کہ میں پاکستان کے ساتھ جینا اور مرنا ہے اور میں اپنی سرزمین چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ جہاں تک سائفر کیس کا تعلق ہے تو یہ بوگس کیس سابق آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈونلڈ لو کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ جیل میں اگر مجھے ایک چیز پریشان اور تکلیف دیتی ہے تو وہ میرے کارکنوں کا دکھ ہے جنہیں غیر قانونی طور پر قید کیا گیا ہے، خاص طور پر ہماری خواتین کارکنان جو مہینوں سے قید میں ہیں۔
میں عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انصاف فراہم کرے اور ہمارے کارکنوں کی فوری رہائی کا حکم دے۔عمران خان نے کہا کہ آخر پر کہوں گا کہ ہمت نہ ہاریں۔ آزمائش کا یہ وقت ختم ہو جائے گا کیونکہ اللہ کہتا ہے کہ “ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے”۔عمران خان نے کہا کہ میں پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جس دن بھی الیکشن ہوں گے، پاکستان کے عوام بڑی تعداد میں پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے نکلیں گے اور ان تمام جماعتوں کو مل کر شکست دیں گے۔