ہولی فیملی میں 53، ڈی ایچ کیو میں 29 اور بے نظیر بھٹوہسپتال میں 42 افراد زیر علاج
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 44 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں سیزن میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1818 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ہولی فیملی ہسپتال میں 53، ڈی ایچ کیو میں 29 اور بے نظیر بھٹوہسپتال میں 42 افراد زیر علاج ہیں،ڈینگی وائرس سے متاثرہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ ڈینگی ایس او پی کی خلاف ورزی پر 33 مقدمات درج اور عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے۔ایس او پی کی خلاف ورزی پر 12 چالان ٹکٹ جاری اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر 3861 مقدمات درج اور 595 عمارتوں کو سیل کیا گیا، ضلعی انتظامیہ 1097 چالان ٹکٹ جاری اور 69 لاکھ 86 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔