ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا سفر آج سے شروع، پہلا مقابلہ نیدر لینڈ سے ہو گا

حیدر آباد دکن: (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں شاہینوں کا سفر آج سے شروع ہو گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ نیدر لینڈز کیخلاف کھیلے گی۔

دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے حیدر آباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گی، گرین شرٹس نے ورلڈ کپ میں پہلے میچ کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، پاکستانی سکواڈ نے راجیو گاندھی سٹیڈیم حیدرآباد میں ٹریننگ سیشن کیا، قومی ٹیم نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔

پاکستان اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں اب تک ایک روزہ میچز میں چھ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور چھ میں ہی فتح شاہینوں کے نام رہی جبکہ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں دو بار آپس میں ٹکرائی ہیں، دونوں میچوں میں کامیابی پاکستان کے حصے آئی، پہلی بار 1996 کے ورلڈ کپ میں گرین شرٹس نے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کی جبکہ دوسری بار 2003 میں 97 رنز سے نیدر لینڈز کو مات دی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاری اچھی ہے، ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں گے، دو پریکٹس میچوں میں مختلف کمبی نیشن آزمائے ہیں، باؤلنگ میں ہمارے فاسٹ باؤلرز ہمیشہ ہماری قوت رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کافی تجربہ کار ہو چکے ہیں، چار سال میں انہوں نے بہت کرکٹ کھیلی، ہماری بیٹنگ صرف بابر اور رضوان کے گرد نہیں گھومتی، ہمارے پاس بہت سے باصلاحیت بیٹرز ہیں، ہمارا باؤلنگ اٹیک دنیا کے بہترین باؤلنگ اٹیکس میں سے ایک ہے، واضح رہے قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو ہوگا۔