اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) 190 ملین پاؤنڈ کرپشن اور توشہ خانہ کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر درخواست ضمانت خارج کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر اعتراض عائد کر دیا گیا، رجسٹرار آفس نے دونوں درخواستوں کو اعتراض کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ کل سماعت کرے گا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر ضمانت کی درخواستیں خارج کیں، دس اگست 2023 کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواستوں پر فیصلہ آنے تک چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منظور کی جائے، درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کی تھیں۔