ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی موٹر برانچ غیر فعال ، عملہ غائب

نئی رجسٹریشن بند ، 5 سال سے نمبر پیلٹس نہیں بن رہی جو بنی ہیں وہ مل نہیں رہی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی موٹر برانچ گزشتہ ماہ سے غیر فعال ہو گئی عملہ غائب، نئی رجسٹریشن بھی بند،پرانی کا کچھ پتا نہیں ، گزشتہ تقریبا 5 سال سے نمبر پیلٹس نہیں بن رہی جو بنی ہیں وہ مل نہیں رہی جبکہ ٹریفک پولیس کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس نہ ہونے پر دھڑا دھڑ چالان کر رہی ہے دونوں اداروں میں باہمی رابطے کا فقدان عوام کے لئے عذاب بن گیا۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسشن موٹر برانچ کا کمپیوٹرائزڈ اور مینوئل سسٹم بالکل بند کر دیا گیا، 6 ستمبر 2023 کے بعد کوئی رجسٹریشن نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی ریکارڈ کسی کو دیا گیا افسران اور ملازمین کا صاف جواب ہے کہ سسٹم اپگریڈ ہو رہا ہے لیکن ستمبر ختم ہونے کے بعد بھی اپگریڈیشن مکمل نہیں کی جا سکی ۔
متاثرہ عوام کا کہنا ہے کہ 2019 سے پہلے رجسٹرڈ کی گئی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں ابھی تک موصول نہیں ہوئیں ان کیلئے بھی عملہ کی ایک ہی رٹ ہے کہ ابھی لاہور سے ہی بن کے نہیں آئیں ہم کچھ نہیں کر سکتے ،دوسری جانب فینسی نمبر پلیٹس لگانے پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو چالان کے احکامات ہیں ،گزشتہ سالوں کے دوران محکمہ ایکسائز میں ہونے والی تبدیلیوں اور کمپیوٹرائزڈ سسٹم متعارف کروانے کی مد میں نہ تو پوری طرح سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا سکا اور نہ ہی مینوئل سسٹم کو کارآمد رہنے دیاگیا ۔

عوام نے وزیر اعلی پنجاب اور وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ یا تو اداروں میں باہمی روابط کا سلسلہ بہتر کیا جائے اور ایک محکمہ میں ہونے والی سرگرمی اور معاملات دوسرے محمکے کے علم میں لائی جائے تا کہ محکموں کی غفلت اور نااہلی کا خمیازہ عوام کو نہ بھگتنا پڑے اور یا پھرمحکموں کا قبلہ درست کیا جائے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے۔