دوسرا وارم اپ میچ: پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

حیدر آباد: (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف آدھی ٹیم واپس پویلین لوٹ گئی۔

راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم وارنز 48 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ 27، ایلکس کیری 11 جبکہ مارنس لبوشین 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 جبکہ محمد نواز اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی کو کپتان شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔

قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے تاکہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کریں۔

اس موقع پر کپتان شاداب خان نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف میچ شاندار کم بیک کریں اور تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔

دوسری جانب کینگروز کے خلاف میچ شاداب خان کو کپتانی کے فرائض سونپے گئے ہیں جبکہ کپتان بابراعظم بیٹنگ کیلئے آئیں گے تاہم فیلڈنگ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، اسی طرح محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا گیا ہے۔
https://x.com/TheRealPCB/status/1709120678988009476?s=20

اپنے پہلے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، پاکستانی باؤلرز 346 رنز کا بھی دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔

کرکٹ کے میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔