اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنانے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنائیں گے، سیشن کورٹ اور انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کر دی تھیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ضمانت کی 9 درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں، مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے اور متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی جائے۔
سابق وزیراعظم کے خلاف درج 9 مقدمات میں سے 3 مقدمات 9 مئی کے واقعات کے ہیں، اس کے علاوہ 3 مقدمات اسلام آباد میں احتجاج کرنے کے جبکہ ان مقدمات میں توشہ خانہ جعل سازی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کا ایک، ایک مقدمہ بھی شامل ہے۔