ایک درجن کے قریب دہشت گردوں کا میانوالی چیک پوسٹ پر حملہ

ایک اہلکار شہید‘ 2 دہشتگرد مارے گئے‘ پٹرولنگ پوسٹ پر دو اطراف سے حملہ کیا گیا، میانوالی میں مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

میانوالی: (نیوز ڈیسک) میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملے کے دوران مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے ہے جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا۔

حکام کا بتانا ہے کہ زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دوسرے دہشت گرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا، دونوں دہشت گردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے ہوئی۔

واضح رہے کہ آج پنجاب پولیس نے میانوالی کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا، حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔