سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجزمیں اب طلبہ کو حفظ کے اضافی نمبر نہیں دیے جائیں گے

نئی پالیسی پر عملدرآمد رواں سال داخلوں پر ہوگا‘ پالیسی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حکم پر تبدیل کی گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کی پالیسی میں تبدیلی کردی گئی، داخلوں کے لیے حافظ قرآن امیدواروں کے اضافی نمبرز میرٹ سے حذف کر دیئے گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق حافظ قرآن طلبا ء و طالبات کو اضافی نمبر نہیں دئیے جائیں گے، اضافی نمبرپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حکم پر ختم کیے گئے، پی ایم ڈی سی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعداحکامات دئیے، حافظ قرآن بارے نئی پالیسی پر عملدرآمد رواں سال داخلوں پر ہوگا، اس سے قبل حافظ قرآن کو اضافی 20 نمبر دئیے جاتے تھے، حافظ قرآن کو 20 نمبر انٹرمیڈیٹ کے نمبروں میں شامل ہوتے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد تک نمبر لینا لازمی قرار دیا گیا ہے، ڈینٹل کالجوں کیلئے 50 فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا، نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلے بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرے گی، پنجاب نگران کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جس سے معلوم ہوا ہے کہ داخلے میں ایم ڈی کیٹ کے نمبروں کا حصہ 50 فیصد، ایف ایس سی 40 فیصد اور میٹرک 10 فیصد ہوگا، گزشتہ سال کے ایم ڈی کیٹ کے نتائج رواں برس داخلے کیلئے قابل قبول نہیں ہوں گے، داخلے کیلئے ایف ایس سی یا مساوی امتحان میں کم سے کم 60 فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا، طلبہ پبلک اور پرائیویٹ کالجز دونوں کیلئے یو ایچ ایس کے آن لائن داخلہ پورٹل پر درخواست دیں گے، امیدوار درخواست فارم میں تمام کالجوں کی چوائس دے سکیں گے، لسٹ میں نام آجانے پر امیدوار کو تین دن کے اندر کالج فیس جمع کرانا ہوگی۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 دسمبر تک مکمل کئے جائیں گے، پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 جنوری تک مکمل ہوں گے، سرکاری ڈینٹل کالجوں کے داخلے 15 فروری تک اور پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں کے داخلے 28 فروری تک مکمل کئے جائیں گے، سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے پنجاب کے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوں گے۔