ہنگو: تھانہ دوآبہ میں مسجد میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی

ہنگو: (نیوز ڈیسک) ہنگو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد میں ہوا، جس سے مسجد زمین بوس ہوگئی، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی پی او ہنگو کا بتانا ہے کہ دھماکا جمعہ کی نماز کے خطبہ کے دوران ہوا، 30 سے 40 نمازی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، ریسکیو 1122 کی 6 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، علاوہ ازیں کوہاٹ کی 2 ایمبولینسز بھی راستے میں ہیں جو جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے دھماکے سے متعلق پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے حکام خود اپنی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پی کے اعظم خان نے ہنگو کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔