رواں سال کا آخری سپر مون دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں

مکمل چاند کے اس دلکش نظارے کی تاریخ اور وقت بتا دیے گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رواں سال کا آخری سپر مون دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں، مکمل چاند کے اس دلکش نظارے کی تاریخ اور وقت بتا دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بروز جمعہ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال رواں کا اخری سپر مون نظر آئے گا۔ کل چاند معمول سے زیادہ بڑا ، زیادہ روشن اور زمین سے زیادہ قریب نظر آئے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شب دکھائی دینے والا سپر مون 14 فیصد بڑا نظر آئے گا۔
اس سپر مون کو فصل کے چاند کا نام بھی دیا جارہا ہے۔ کسان اس چاند کو مکئی کے چاند کے طور پر بھی دیکھتے ہیں جو کہ موسم گرما کی فصلوں کے اختتام کو ظاہر کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال پاکستان سمیت کئی ممالک میں سپر بلیو مون بھی دیکھا جا چکا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5 سال بعد “سپر بلیو مون” دیکھا گیا، اس کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کے لیے 14 سال انتظار کرنا پڑے گا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں اگست کے اختتام پر رات کے وقت آسمان پر ایک دلچسپ نظارہ کیا گیا۔ پاکستان میں 31اگست کو “سپر بلیو مون” کا نظارہ کیا جا سکا، جبکہ کئی ممالک میں 30 اگست کی شب کو “سپر بلیو مون” کا نظارہ ممکن ہوا۔ 31 اگست کو نظر آنے والا سپر مون معمول سے 7.2 فیصد بڑا اور 15.7 فیصد زیادہ روشن نظر آیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق چاند زمین کے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
جبکہ یہی عمل ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ہو تو اسے “سپر بلیو مون” کہا جاتا ہے۔ گزشتہ ماہ یکم اگست کو دنیا کے کئی ممالک میں سپر مون کا نظارہ کیا گیا تھا، جبکہ پھر اسی ماہ میں دوبارہ چاند آسمان پر مکمل طور پر روشن ہوا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق بلیو مون سے مراد یہ نہیں کہ چاند کا رنگ نیلا ہو گا بلکہ انگریزی مہینے میں دوسری بار دکھائی دینے والے چودھویں کے چاند کو بلیو مون کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ مہینے کا سپر بلیو مون اس لیے خاص تھا کہ ایسا نظارہ پھر 2037 میں ہوگا۔ یعنی “سپر بلیو مون” کا دوبارہ نظارہ کرنے کیلئے 14 سال کا انتظار کرنا پڑے گا۔ آخری بار سپر بلیو مون 5 سال قبل 2018 میں دیکھنے میں آیا تھا مگر اس وقت وہ سرخی مائل تھا کیونکہ اس موقع پر چاند گرہن بھی ہوا تھا۔