آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں دوبارہ سے اضافے کا امکان، درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا
کراچی (نیوز ڈیسک) جاتی گرمی لوٹ آئی، شدید گرمی کی لہر کی پیشن گوئی، آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں دوبارہ سے اضافے کا امکان، درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حالی بارشوں کے باوجود ملک کے کئی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران رواں سال کی گرمی کی آخری لہر کی آمد کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
خاص کر کراچی شہر کا موسم دوبارہ شدید گرم ہو جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 روز کے دوران شہر قائد کا موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 روز دن کے بیشتر حصے میں راجستھان سے گرد آلود خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے، دن کے بیشتر حصے میں شمال مغرب اور مغرب سے بھی ہوائیں چلیں گی تاہم شام میں جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں بحال ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کراچی میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں چند مقامات ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، تاہم چترال اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سےزیادہ بارش گلگت بلتستان میں گوپس اوربگروٹ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت لسبیلہ 41،تربت، سبی اور شہید بینظیر آباد میں 40ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔