چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کی کاز لسٹ جاری، چیف جسٹس عامر فاروق 2 اکتوبر کو درخواست پرسماعت کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر 2اکتوبر کو سماعت ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کردی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے۔
دوسری جانب سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی،سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کے سلسلے میں پیش کیا گیا،عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت ہوئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی،اور چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کیخلاف کیس کی سماعت کے بعد اسلام آباد میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف بھی سائفر کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کی تھی۔ جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کی دائر درخواست پر محفوظ سناتے ہوئے قرار دیا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت الگ الگ سنی جائے گی۔