مونس الہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کی تحقیقات میں پی ٹی آئی رہنما کے وارنٹ جاری کیے

لاہور (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما مونس الہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کی تحقیقات میں پی ٹی آئی رہنما کے وارنٹ جاری کیے۔ احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔مونس الہیٰ گذشہ کئی ماہ سے ملک سے باہر موجود ہیں،ان کے خلاف مختلف کیسز درج ہیں۔
یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ مونس الہی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل نیو نیوز کے مطابق وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کی سفارش پر سیکرٹری خارجہ آفس کو بھی مراسلہ لکھ دیا۔ خط ایف آئی آر نمبر 16/2023, 18/2023 اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور میں درج مقدمے کا لکھا گیا۔
اس سے قبل یہ بھی بتایا گیا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے وزیراعلی بننے کے بعد مونس الہی کے بینک اکاونٹس میں لاکھوں غیر ملکی کرنسی منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

مونس الہی کے خلاف نیب انکوائری رپورٹ میں انکشافات ہوئے ہیں کہ پرویز الہی کے وزیراعلی بننے کے بعد مونس کے مختلف اکاونٹس میں 82 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی۔ نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ مونس الہی کے اکاونٹس میں 10 لاکھ 84 ہزار یوروز جب کہ ایک لاکھ پاونڈ اور پاکستان سمیت دیگر کرنسی بھی منتقل کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گجرات میں مختلف ٹھیکوں کے دوران بھی رقم مونس الہی کے اکاونٹس میں جمع ہوئی، منتقل کی گئی رقم بظاہر رشوت اور کک بیکس کی ہے۔نیب رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پرویز الہی کی بہو زہرہ الہی نے بھی گجرات میں 153 ملین روپے سے 748 کنال اراضی خریدی، البتہ مونس الہی تاحال کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔