راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی مجاہد عباس نے کہاکہ عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی سکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، مرکزی جلوس میں داخلے کے لئے 9 انٹری پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں،337 جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں 12 ربیع الاول کے سلسلے میں جلوسوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس اسسٹنٹ کمشنرز، سیرت مرکزی میلاد کمیٹی کے ممبران سمیت سرکاری ادروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ آر ایم دفتر میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ، تمام جلوسوں کی سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ مقامی میلاد کمیٹی کے ساتھ مل کر جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کریں اور روٹسں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا جائے گا، اس عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو سفر دوران کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ نماز جمعہ کے دوران لاؤڈ سپیکر کے استعمال کرنے، جلوسوں میں بڑے ٹرالر اور میوزیکل گاڑیوں پر پابندی عائد پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ 11,10 اور 12 ربیع الاول کو لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ جلوسوں کے حوالے سے وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور جلوسوں کے مقرر کردہ روٹس کے علاؤہ نئے روٹسں پر پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کہ سیرت میلاد کمیٹی کی مشاورت سے مرکزی جلوسوں میں انٹری کے لیے 9 داخلی راستوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں لیاقت روڈ، اقبال روڈ، کمیٹی چوک، پل شاہ نذر، فوارہ چوک، ڈھنگی کھوئی، رتہ امرال چوک، سٹیلائٹ ٹاون، سٹی صدر روڈ شامل ہے۔ ان کے علاؤہ کسی بھی دوسرے راستے سے مرکزی جلوسوں میں انٹری پر پابندی ہوگی۔