جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ،جنرل ریٹائرڈ فیص حمید،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار،آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید 22 کروڑ عوام کے مجرم ہیں
کھلنڈروں کا ٹولہ ملک پر مسلط ہوا،سازش میں شامل تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے تک ملک آگے نہیں بڑھے گا،قائد مسلم لیگ ن کی پارٹی رہنماؤں سے گفتگو
لندن (نیوز ڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے کہ 2017 کے ہنستے بستے پاکستان کو سازش کے تحت بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے لندن میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف،مریم نواز اور اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔ نواز شریف نے سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھلنڈروں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا،جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ،جنرل ریٹائرڈ فیص حمید،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار،آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید 22 کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔
جب تک سازش میں شامل تمام کردار کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا،پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے مشورہ کیلئے بلایا جس وجہ سے یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
صحافی نے سوال کیا کہ گوجرانوالہ میں آپ کی کوئی ملاقات ہوئی ہے؟۔ جس پر صدر مسلم لیگ ن نے جواب دیا کہ کونسی ملاقات،گوجرانوالہ میں کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی گیا ہوں۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی میں ایک بار پھر تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ نواز شریف کو وطن واپسی سے قبل کچھ یقین دہانیاں درکار ہیں،مریم نواز کے بعد شہباز شریف کی لندن طلبی اسی سلسلے میں ہوئی۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 2 روز ہی پاکستان میں قیام کے بعد لندن چلے گئے تھے،مسلم لیگ ن کے صدر پارٹی قائد نواز شریف کیلئے اہم پیغام لے لیکر لندن گئے۔ سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز بھی برطانیہ چلی گئی تھیں۔