اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کیں کہ پیشہ ور بھکاریوں، قیمتوں میں اضافے ، تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ایل پی جی فلنگ سٹیشنز ، غیر قانونی پٹرول فلنگ سٹیشنز کے خلاف بھی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید برآں اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی۔