بلغاریہ سے گندم لانے والا پہلا جہاز پورٹ قاسم بندرگاہ پر لنگرانداز

پورٹ قاسم پر روسی گندم کے بھی دوجہاز پہنچ گئے ، درآمدی گندم سے ریٹیل میں آٹے کی قیمت 10 روپے فی کلو کم ہوگی، گندم کے نرخ 7 روپے کم ہوگئے ہیں

کراچی (نیوز ڈیسک) درآمدی گندم پاکستان پہنچنے پر گندم کے نرخ سات روپے فی کلو کم ہوگئے، ریٹیل میں آٹے کی قیمت بھی کم ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق بلغاریہ سے گندم لے کر آنے والا پہلا جہازکراچی پورٹ قاسم بندرگاہ پر لنگرانداز ہوگیا ہے، پورٹ قاسم آؤٹر چینل پر روسی گندم کے دوجہازبھی پہنچ گئے ہیں۔ درآمدی گندم آنے سے ریٹیل میں آٹے کی قیمت دس روپے فی کلو کم ہوجائے گی، جبکہ گندم کے نرخ سات روپے کم ہوکر 118روپے فی کلو پر آگئے ہیں۔
پنجاب میں کرشنگ سیزن کا آغاز 28 اکتوبر سے ہوگا، اکتوبر میں کرشنگ شروع نہ ہوئی تو چینی کی قیمت بڑھ سکتی ہے۔ حکومت نے شوگر ملوں کو کرشنگ کے آغاز کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں، شوگر ملوں نے حکومتی ہدایات پر عمل کی بجائے 28 نومبر تک کا وقت مانگ لیا ہے۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار ملزمالکان کا کارٹل کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اگر بروقت اکتوبر میں کرشنگ شروع ہوئی تو چینی کی قیمت 140روپے سے نیچے آجائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ماضی میں ہمیشہ حکومت نے شوگر مالکان کا ہی ساتھ دیا، صارفین کا ہر سال استحصال ہوتا رہا ہے، اس سال کرشنگ سیز کو 28 اکتوبر سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستانی معیشت سے متعلق ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپریل 2024ء تک معاشی ایڈجسٹمنٹ پروگرام پرعملدرآمد ناگزیر قرار دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس سال مہنگائی 29.2 فیصد سے کم ہو کر 25 فیصد پر آجائے گی۔رپورٹ کے مطابق توانائی کے نرخوں میں اضافے اور روپے کی گرتی قدر سے بلند مہنگائی کا دبا برقرار رہے گا،رپورٹ میں سال 2024 کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی 1.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی۔