کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل: سکھ کمیونٹی کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

لاہور: (نیوز ڈیسک) سکھ کمیونٹی نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کا بھارت کو ذمہ دار ٹہراتے ہوئے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سکھ کمیونٹی کے رہنما رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہے، ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث ہے، بھارت میں گزشتہ 40 برسوں سے سکھوں پرظلم ہورہا ہے، کینیڈا کے وزیراعظم نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار بھارت کو قراردیا ہے۔

رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ بھارت کے اندرسےعلیحدگی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، مودی سرکار نے تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، خالصتان تحریک دوبارہ جوش کے ساتھ اٹھے گی، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس معاملے پر آگے آنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد بھارت کو آج بے نقاب کرنے کا وقت آچکا ہے، پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوئی اس کے پیچھے بھارت ہے، بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں، آج کے احتجاج کا مقصد بھارت کی دہشت گردی کو پوری دنیا کو دکھانا ہے۔