عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کو بغیر کسی عذرملتوی کر دیا جاتا ہے، عدالت پیش کیے بغیر ریمانڈ دے دیا جاتا ہے، چیف جسٹس انصاف کے قتلِ عام کا فوری نوٹس لیں، ترجمان تحریک انصاف
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں اس وقت انصاف کے قتلِ عام کا ایک منظم سلسلہ جاری ہے، عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کو بغیر کسی عذرملتوی کر دیا جاتا ہے، عدالت پیش کیے بغیر ریمانڈ دے دیا جاتا ہے، چیف جسٹس انصاف کے قتلِ عام کا فوری نوٹس لیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں دائر درخواست ضمانت کی کازلسٹ منسوخ کرنے کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف کی ہائیکورٹ کی جانب سے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کو بلاجواز ملتوی کرنے کی شدید مذمت، ترجمان پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں اس وقت انصاف کے قتلِ عام کا ایک منظم سلسلہ جاری ہے، ملک کے سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی جماعت کے سربراہ عمران خان کو ایک سیاسی قیدی کے طور پر بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی بھی مسلسل ماورائے آئین اقدامات کی زد میں ہیں، تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالہیٰ کو عدالتی احکامات پیروں تلے روندتے ہوئے جھوٹے مقدمات میں بار بار گرفتار کر لیا جاتا ہے، پاکستان تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے ہر فرد کو بنیادی آئینی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے، آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 10-A ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے۔
منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم سابق وزیر اعظم جھوٹے الزامات کی پاداش میں جیل میں قید ہیں، سیاسی قیدی عمران خان پر 200 سے زائد جھوٹے مقدمات کے اندراج سے لے کر ان کیسز کی سماعت تک آئین و انصاف کے تقاضوں کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کو آخری منٹ میں بغیر کسی عذر کے ملتوی کر دیا جاتا ہے، تمام قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان کو عدالت پیش کیے بغیر ریمانڈ دے دیا جاتا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم کے آئینی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، معزز چیف جسٹس سے یہ بھی التماس ہے کہ تحریک انصاف کے پابندِ سلاسل قائدین اور کارکنان خصوصاً خواتین کارکنان کو بھی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، چیف جسٹس انصاف کے قتلِ عام کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام ذیلی عدالتوں میں انصاف کے تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، عمران خان کے تمام مقدمات کو فوری طور پر سماعت کیلئے مقرر کیا جائے اور سماعت کو براہ راست نشر کیا جائے۔