قومی شاہراؤں پر جرمانوں کی شرح بڑھا دی گئی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر جرمانوں کی شرح میں اضافہ کردیا گیا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے 32 کوڈ کے جرمانوں کی شرح مقرر کی گئی ہے، ریوائزڈ جرمانوں کی شرح شیڈول 12 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جس میں 7 نئی ٹریفک خلاف ورزیوں کے کوڈ بھی شامل کیے گئے ہیں۔

موٹر وے پولیس حکام کے مطابق نئی شرح کے تحت جرمانوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا، اوور سپیڈنگ پر اب 750 روپے کے بجائے 2500 روپے جرمانہ ہوگا، غلط اوور ٹیکنگ پر 300 روپے کے بجائے1500 روپے جرمانہ ہوگا۔

مراسلے کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 750 روپے کے بجائے اب 5000 روپے جرمانہ عائد ہوگا، ایمرجنسی سروس وہیکل و ایمبولنس کو راستہ نہ دینے پر 1 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، غفلت سے ڈرائیونگ کرنے پر جرمانے کی شرح 3 سو کے بجائے 1500 جرمانہ ہوگا۔

ٹریفک کوڈ میں پہلی دفعہ دوران ڈرائیونگ، موبائل فون ٹیبلیٹ یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے استعمال پر بھی پابندی خلاف ورزی پر 5 سو روپے جرمانہ عائد ہوگا، دوران ڈرائیونگ اور دوران سفر ڈرائیور و سوار کے لیے سیٹ بیلٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر15 سو روپے جرمانہ ہوگا ۔

گاڑی پر غیرقانونی پولیس یا دیگر محکمے کی ریوالونگ لائٹ پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، فینسی نمبر پلیٹ یا ان مشین ریڈ ایبل پلیٹ پر ایک ہزار روپے جرمانہ ہوگا، ایچ آئی ڈی لائٹ کے استعمال پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، شیشے کالے کرکے ڈرائیونگ پر بھی ایک ہزار روپے جرمانہ مقرر کردیا گیا ہے۔

آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے فیلڈ سٹاف کو جرمانوں کی ریوائزاڈ شرح کے بارے میں بروشرز اور پمفلٹس کے ذریعے ڈرائیورز کو آگاہی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔