کراچی: (نیوز ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن پی آئی اے کا شیڈول معمول پر نہ آسکا، آج بھی پی آئی اے کی چار پروازیں منسوخ ہیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شیڈول کے مطابق کراچی سے رحیم یار خان کیلئے اپ اینڈ ڈاؤن کی دو پروازیں پی کے 582 اور پی کے 583 منسوخ کر دی گئی ہیں، اسلام آباد سے گلگت کیلئے روانگی اور آمد کی دو پروازیں پی کے 601 اور پی کے 602 منسوخ کی گئی ہیں۔
کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں ایک گھنٹہ تاخیر کر دی گئی ہے جبکہ کراچی سے پشاور کی پرواز پی کے 350 مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے روانہ ہوگی۔
ٹورنٹو سے پرواز پی کے 784 کی روانگی میں 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی، یہ پرواز اب 4 گھنٹے 24 منٹ کی تاخیر سے کراچی پہنچے گی، لاہور سے جدہ کی پرواز پی کے 741 کی روانگی میں 37 منٹ کی تاخیر ہوئی جبکہ لاہور سے شارجہ کیلئے پی کے 185 نصف گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔
جدہ سے سیالکوٹ کیلئے پی کے 746 غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئی اور پشاور سے العین کیلئے پی کے 255 کی روانگی میں 6 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہے، اسلام آباد سے دبئی کیلئے پرواز پی کے 233 کی روانگی میں 7 گھنٹے کی تاخیر ہوئی جبکہ اسلام آباد سے ابوظہبی کیلئے پرواز پی کے 261 کی روانگی میں 35 منٹ کی تاخیر ہوئی ہے۔