کولمبو: (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ ون ڈے 2023ء کے فائنل میچ میں بھارت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے حق میں غلط ثابت ہوا، بھارتی باؤلرز نے لنکن بیٹرز کو یکے بعد دیگرے جھٹکے دیتے ہوئے محض 50 کے مجموعی سکور پر تمام لنکن بیٹرز کو چلتا کر دیا۔
سری لنکن ٹیم کا کوئی بھی بیٹر کریز پر نہ ٹک سکا، لنکن ٹیم کے کسل مینڈس نے سب سے زیادہ 17 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوشن ہیمانتھا 13 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، سری لنکا کے 5 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں 4 وکٹیں لے کر سری لنکن بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، محمد سراج نے 23 رنز دے کر 6 شکار کیے، ہاردیک پانڈیا نے 3 جبکہ بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی بیٹنگ لائنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی کھلاڑی کریز پر پاؤں نہ جما سکا، سری لنکا کی جانب سے کسل مینڈس نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے جبکہ ٹیم کے 5 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
جوابی اننگز میں بھارت کی جانب سے ایشان کشن اور شبمن گل بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے، دونوں بیٹرز نے بغیر وکٹ گنوائے 7ویں اوور میں ٹیم کو فتح دلوا دی، شبمن نے 27 جبکہ کشن نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل 7 مرتبہ اپنے نام کرچکی ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم بھی 6 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے، آج کی فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔