سرکاری ملازمین کیلئے ایک ساتھ 3 تعطیلات کا اعلان

جمعہ کو 12 ربیع الاول کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے ، ہفتہ اور اتوار کی 2چھٹیاں ملا کر سرکاری ملازمین 3 چھٹیاں کرینگے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا،12ربیع الاول 29ستمبربروزجمعہ کو ہوگی. جمعہ کو 12 ربیع الاول کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے ، ہفتہ اور اتوار کی 2چھٹیاں ملا کر سرکاری ملازمین 3 چھٹیاں کرینگے. میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر دن کا آغٓاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد ، سرکاری عمارتوں، مارکیٹوں اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ربیع الاوّل 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروزہفتہ بمقام وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان، کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں چیئر مین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد جبکہ فنی معاونت کیلئے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العا بدین،محکمہ موسمیات سے چیف میٹ ڈاکٹر سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضی نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنی خدمات سرانجام دیں ۔

مرکزی و زونل ریت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران میں مفتی ضمیر احمد ساجد،مفتی محمد اقبال نعیمی،مفتی عبدالسلام جلالی،مولانا ابو بکر صدیق،مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی،علامہ مصطفی حیدر نقوی،پیر محمد ممتاز احمد ضیا نظامی و دیگرعلما کرام شریک تھے۔ جبکہ پورے ملک میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،پشاورمیں منعقد کیے گئے۔
خاص کر لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول 1445ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 16ستمبر 2023 بمطابق 29صفر المظفر بروز ہفتہ کمیٹی روم ایوان اوقاف نزد لاہور ہائی کورٹ لاہور میں غروب آفتاب سے نصف گھنٹہ قبل منعقد ہوا۔ چاند کی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے کسی بھی علاقے میں چاند نظر نہیں آیا، لہذا ملک میں یکم ربیع الاول 18 ستمبر بروز پیر جبکہ عید میلاد النبیﷺ 29 ستمبر بروز جمعہ کو ہو گی۔
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں جمعہ 15 ستمبر کو ہی ماہ صفر کا اختتام ہو گیا۔ ان ممالک میں 15 ستمبر کو ماہ صفر کی 30 تاریخ پر ربیع الاول کا چاند نظر آ گیا، جس کے بعد ان ممالک میں آج بروز ہفتہ یکم ربیع الاول تھی۔ ان ممالک میں بدھ 27 ستمبر کو عید میلاد النبیﷺ منائی جائے گی۔