سائفر کیس میں عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق پیر کو درخواست پر سماعت کریں گے ،رجسٹرار نے کاز لسٹ جاری کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سائفر کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے لئے بنچ تشکیل دے دیا۔چیف جسٹس عامر فاروق پیر کو سماعت کریں گے ،رجسٹرار نے کاز لسٹ جاری کردی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔
ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست ضمانت کو 1354/2023 نمبر لگا یا تھا۔سائفر کیس میں عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی،بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی گئی۔ عمران خان کی جانب سے درخواست میں عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

یاد رہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود کی ضمانتیں مسترد کی تھیں،آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔ خصوصی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ دورانِ سماعت وکیل شیرافضل مروت نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کیے تھے،اسپیشل پروسیکیوٹر شاہ خاور نے کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلاء کی بڑی تعداد پر اعتراض اٹھایا۔
اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا کہ سائفرکیس کی اِن کیمرہ سماعت ہے،پی ٹی آئی وکلاء ویڈیوز بناتے ہیں،غیرمتعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے نکلا جائے یا حلف لیا جائے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا تھا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر بقیہ سماعت ان کیمرہ ڈکلیئر کی۔ جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دئیے کہ باقی سماعت ان کیمرہ ہو گی۔