راولپنڈی، تاجروں نے روزگار بچائو تحریک کا اعلان کردیا

پٹرول کی قیمت میں 26 روپے اور ڈیزل 17 روپے مہنگا کرنے کا مطلب عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کا اعلان ہے ،صدر چوہدری فاروق

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) تاجروں نے روزگار بچائو تحریک کا اعلان کر دیا ۔آل پاکستان ریسٹورنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر چوہدری فاروق نے کہاکہ اب صرف احتجاج نہیں احتجاجی تحریک سے مہنگائی کنٹرول کرنی پڑے گی۔ انہوںنے کہاکہ روزگار بچائو تحریک کا ہم اعلان کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج کے اضافے کے بعد کاروبار کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قیمت میں 26 روپے اور ڈیزل 17 روپے مہنگا کرنے کا مطلب عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کا اعلان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پرانے حکمران نئے حکمران نگران حکمران شریف زرداری سب عوام دشمن حکمران ہیں ۔ صدر ایکشن کمیٹی نے کہاکہ ان حکمرانوں کی غلط پالیسوں کی وجہ سے آج عوام سے روٹی کے دو نوالے چھین گئے ہیں ، پاکستان کے تاجر اور عوام ڈیفالٹ کر گئے ہیں ،پٹرول کی قیمت میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے ،روزگار بچاو تحریک میں ملک بھر کی تاجر برادری اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ،ملک بھر میں فوڈ کے تاجر سب سے زیادہ روزگار مہیا کرتے ہیں۔