ایشیا کپ: بابراعظم کی کپتانی پر گمبھیر نے بھی سوال اٹھا دیا

اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے رہنما گوتم گمبھیر نے ایشیا کپ میں پاکستان کی سری لنکا کے ہاتھوں سپر فور مرحلے میں شکست پر بابر اعظم کی کپتانی پر سوال اٹھا دیا۔

ایشیا کپ کے براڈ کاسٹر کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے میچ کے اختتامی اوورز میں بابر اعظم کی کپتانی پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زمان خان اور شاہین آفریدی اچھی باؤلنگ کروارہے تھے لیکن بابراعظم کی فیلڈ پلیسمنٹ مجھے سمجھ نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ جب سست رفتار سے شاہین اور زمان گیندیں کروا رہے تھے تو بابراعظم نے لانگ آف پر فیلڈر کو اوپر کیوں نہیں بلایا؟ اسی طرح کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کی سنچری شراکت کے دوران بابر نے پارٹنرشپ توڑنے کے بجائے پارٹ ٹائم باؤلرز سے باؤلنگ کروائی۔

گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب کوئی پارٹنرشپ بننا شروع ہوتی ہے تو کپتان اپنے ایٹکنگ باؤلرز کو اوور دیتا ہے لیکن بابراعظم نے ایسا بھی نہ کیا۔

انہوں نے بابراعظم کو مشورہ دیا کہ درمیانی اوورز میں زیادہ جارحانہ انداز، وکٹیں لینے پر توجہ مرکوز کرنا ہی آپ کو میچ جتواسکتا ہے، بابر کو اپنی کپتانی میں بہتر ہونا پڑے گا کیونکہ ون ڈے کرکٹ ایسی نہیں کہ آپ غلطیاں کرتے رہیں۔