حالات اس نہج پر پہنچ چکے کہ ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہونگے: چیئرمین نیپرا

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) وسیم مختار نے کہا ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے بجلی چوری کو روکنا ہوگا جو بجلی چوری کر رہا ہے اس کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے، توانائی کے شعبے میں فری مارکیٹ لا رہے ہیں، صارف کا جس کمپنی سے بجلی خریدنے کا ارادہ ہو وہ خریدے، اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت 48 ہزار میگاواٹ ہے، این ٹی ڈی سی کسی بھی پلانٹ کی پیداواری قیمت دیکھ کر بجلی حاصل کرتا ہے۔

چیئرمین نیپرا کا اوور بلنگ بارے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوور بلنگ کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے سٹاف کیخلاف کارروائی اور پرائیویٹ سیکٹر کو لانا ضروری ہے۔

وسیم مختار نے مزید کہا کہ بجلی کے ریٹ کا فیصلہ عوامی سماعت کے بعد کیا جاتا ہے، نیپرا نے کبھی بھی کوئی فیصلہ بند کمرے میں نہیں کیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی پٹیشن پر عوامی سماعت ہوتی ہے جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔