سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت کیلئے مقرر،لارجر بینچ 18 ستمبر کو اہم کیس کی سماعت کرے گا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا پہلا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کا لارجر بینچ 18 ستمبر کو اہم کیس کی سماعت کرے گا۔نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ نامزد چیف جسٹس پاکستان کو قانون کے مطابق سیکیورٹی فراہم کر دی گئی۔
سولہ ستمبر کو ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ججز کالونی میں چیف جسٹس ہائوس خالی کردیا ہے۔ چیف جسٹس ریٹائرڈ ججوں کے لیے مختص گھر میں منتقل ہوگئے ہیں۔آج سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کا ریٹائرمنٹ سے قبل کورٹ روم میں آخری دن ہے،چیف جسٹس نے آج 8 مقدمات کی سماعت کی۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک بھی بینچ میں شامل تھے۔
چیف جسٹس نے وکلاء اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ چیف جسٹس نے آخری کیس میں وکلاء سے مکالمہ کیا کہ ’’ گڈ ٹو سی یو آل مائی فرینڈز‘‘۔ وکیل میاں بلال نے کہا کہ جب ہائیکورٹ میں آپ کا پہلا کیس تھا تو بھی میں ہی آپ کے سامنے پیش ہوا۔ آج سپریم کورٹ میں آپ کا آخری کیس ہے تب بھی پیش ہو رہا ہوں۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے مکالمہ کیا کہ آپ کا کیس تو غیر مؤثر ہو گیا ہے۔
لیکن اگر دلائل دیں گے تو دل کو خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے۔وکیل میاں بلال نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ تحمل سے سنا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہمارا فریضہ ہے سب کو تحمل سے سنیں،کالا کوٹ پہن کر ہم خود کو بار کا حصہ سمجھتے ہیں۔ جسٹس ساحر تو کہا کرتے تھے کہ بار ہماری ماں ہے،ان شاء اللہ بار روم میں ملیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ میڈیا کے ساتھیوں کا بھی شکریہ جنہوں نے مجھے متحرک رکھا،میڈیا کی تنقید کو ویلکم کرتے ہیں۔