ایسی کوئی روایت نہیں ڈالنا چاہتے ،یہ آرڈر نہیں کریں گے،چیف جسٹس عامر فاروق کے وکیل کی جانب سے چئیرمین پی ٹی آئی کو متعلقہ مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا پر ریمارکس
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مقدمات میں چئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عبوری ریلیف دینے کی درخواست مسترد کردی ۔ چیئرمین تحریک انصاف کے نو مقدمات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔چیئرمین تحریک کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ اس کیس کیلئے اسپیشل پراسیکیوٹرز نے پیش ہونا ہے۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ آج سائبر کیس میں بھی تین اسپیشل پراسیکیوٹرز کے سامنے دلائل دے کر آرہا ہوں ، لگتا ہے ہمارے لئے اسپیشل پراسکیوٹرز کا لیتھل کمبینیشن لایا گیا ہے۔ ہماری استدعا ہے کہ ان درخواستوں پر فیصلے تک چیئرمین پی ٹی آئی کو ان میں سے کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عبوری ریلیف کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ہم اس کو اگلی جمعرات تک ملتوی کر دیتے ہیں، ایسی کوئی روایت نہیں ڈالنا چاہتے ،یہ آرڈر نہیں کریں گے۔ہم ایسا نہیں کریں گے ان سے رپورٹ مانگ لی ہے جو آ جائے گی۔ انہوں نے بیان دیا ہے کہ کسی اور کیس میں گرفتاری نہیں ڈالی گئی اسے آرڈر میں لکھوا دیتے ہیں۔