کمشنر راولپنڈی کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ہولی فیملی اور ہلال احمر ہسپتال کا تفصیلی دورہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ ہولی فیملی اور ہلال احمر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔کمشنر راولپنڈی نے ہولی فیملی ہسپتال میں طبی سہولتوں کا تفصیلی سے جائزہ لیا۔انہوں نے ڈینگی وارڈ، ایمرجنسی، او پی ڈی، سرجیکل واڈ، مردانہ و زنانہ وارڈز، چلڈرن وارڈ میڈیسن روم سمیت ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب سے بھی ہسپتال میں طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے مریضوں کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر راولپنڈی کو او پی ڈی میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ایچ ایم آئی ایس کے تحت مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ایچ ایم آئی ایس کے حوالے سے آگاہی بینرز آویزاں کیے جائیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعدازاں کمشنر راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور اے سی سٹی کے ہمراہ ہلال احمر ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف یونٹوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ ریڈ کریسنٹ ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنائیں گے، ہسپتال کو مکمل فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بخار، نزلہ زکام جیسی معمولی بیماری کے لیے بڑے ہسپتال نہ جانا پڑے، ریڈ کریسنٹ ہسپتال کے مکمل فعال ہونے کے بعد بڑے ہسپتالوں میں رش کم ہوگا، ہسپتال کو خودمختاری سے چلانے کے لیے مخیر حضرات پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے، ہسپتالوں میں جس طبی سہولت کی کمی ہے وہ پوری کریں گے، ہلال احمر مختلف شہروں میں بہت اچھا کام کر رہا ہے۔